اڈپی 28؍مئی (ایس او نیوز)کولالگری تعلقہ کے مریمّا ٹیمپل کے پاس ایک الیکٹرک پول سے موٹر بائک ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بائک سوار ہلاک ہوگیا۔ہلاک شدہ نوجوان کا نام کیرتی کمار (23سال)بتایا جاتا ہے، جو کہ ادیا ور کا رہنے والا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ کیرتی کمار ایک مہندی کی تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ رہا تھاتو یہ حادثہ پیش آیا۔حادثہ اتنا زبردست تھا کہ بجلی کے کھمبے سے بائک ٹکرانے کے بعد کیرتی کمار اچھل کر قریبی کھیت میں جاگرا۔ تھوڑی دیر بعد اسی راستے سے گزرنے والے اس کے دوستوں کو جب اس حادثے کا پتہ چلا تو انہوں نے سخت زخمی حالت میں کیرتی کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹر تمام کوشش کے باوجود اسے بچا نہیں سکے۔
کہتے ہیں کہ کیرتی کی بائک پر ہوناور تعلقہ کے منکی کا رہنے والا امبیکا پچھلی نشست پر سوار تھا اور وہ بھی اس حادثے میں زخمی ہوگیا ہے۔ اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔امبیگا اورکیرتی اڈپی کے ایک جیویلری شاپ میں کام کرتے ہیں اور وہ دونوں اپنے ایک ساتھی کی مہندی تقریب میں شرکت کے بعد لوٹ رہے تھے۔عوام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر جو سڑک کا خطرناک گھماؤ ہے اس کی وجہ سے پہلے بھی ایسے ہلاکت خیز حادثے یہاں پر ہوچکے ہیں۔ متعلقہ افسران کو یہاں پر ایک حفاظتی باڑھ لگانے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔